خام تیل مہنگا کرنے کی سعودی عرب اور روس کی کوشش ناکام

خام تیل مہنگا کرنے کی سعودی عرب اور روس کی کوشش ناکام


واشنگٹن(24نیوز) امریکا نے سعودی عرب اور روس کی پیداوار کم کر کے خام تیل مہنگا کرنے کی کوششیں ناکام بنا دیں، امریکی خام تیل کی پیداور بڑھنے سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 6 ہفتے کی کم ترین سطح پر آ گئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی پیداوار میں مسلسل اضافے کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 4 روز کے دوران 6 فیصد تک کی کمی دیکھی گئی۔ رواں ہفتے کے دوران امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت 4 ڈالر کی کمی سے ساڑھے 61 ڈالر سے بھی کم رہ گئی اور عالمی بینچ مارک برنٹ خام تیل کے سودے تقریبا 5 فیصد کمی سے 64 ڈالر 30 سینٹ پر ہوئے جبکہ اوپیک ممالک کے تیل کی فی بیرل قیمت اس دوران 2 ڈالر اسی سینٹ کی کمی سے 64 ڈالر 30 سینٹ پر آ  گئی۔

واضح رہے کہ اوپیک ممالک اور روس کی طرف سے پیداوار کم کرنے کے باعث گزشتہ ہفتے برنٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 71 ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم امریکا کی خام تیل کی پیداوار 48 سال کے بعد 1 کروڑ بیرل یومیہ سے بھی تجاوز کرنے کی رپورٹ نے خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو بریک لگا دی۔ رواں ہفتے کے دوران امریکا کی تیل کی مجموعی پیداوار 1 کروڑ 2 لاکھ بیرل یومیہ رہی۔