سابق صدر آصف علی زرداری کی کرم پور آمد


کرم پور(24نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کرم پور پہنچ کر سابق صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی کے انتقال پر ان کے بیٹے شبیر علی بجارانی اوربھتیجے سردار محبوب علی بجارانی سے تعزیت کی،مرحوم کی مغفرت و بلند درجات کے لیے دعا کی۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری ڈاکٹر عاصم حسین کے ہمراہ سکھر ایئرپورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر کرم پور پہنچے۔ سابق صدر نے مرحوم میر ہزار خان بجارانی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور انہیں صبر کی تلقین کی۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ مرحوم پیپلزپارٹی کا اثاثہ تھے۔ان کے انتقال سے پیپلزپارٹی ایک بڑے سیاستدان سےمحروم ہوگئی ہے۔ ان کے جانے سے پارٹی میں جو خلاء پیدا ہواہے وہ شاید ہی پر ہوسکے۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ان کے انتقال پر دلی افسوس ہوا اور وہ ورثاء کے غم میں برابر کےشریک ہیں۔

واضح رہے کہ سابق صدر کی کرم پور آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔