بلاول بھٹو نے امریکی نیوز چینل کے اینکر کو خاموش کرا دیا


اسلام آباد (24 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امریکی نیوز چینل کے اینکر کو خاموش کرا دیا۔ طالبان اور مجاہدین پاکستان نے نہیں امریکا نے بنائے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امریکی نیوز چینل کے اینکر کو خاموش کرا دیا۔ طالبان اور مجاہدین پاکستان نے نہیں امریکا نے بنائے، افغانستان کے ساتھ جنگ میں پاکستان کو زبردستی دھکیلا گیا۔ شہید بینظیر بھٹو نے بش کو کہا تھا ایسی بلا مت بناؤ جو تمہارے گلے پڑ جائے انہوں نے خبردار کیا تھا کہ امریکا نجی لشکر نہ بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں نے سب سے زیادہ پاکستانیوں کا قتل کیا، دہشتگردی کی جنگ میں اتنے امریکی نہیں مرے جتنے پاکستانی شہید ہوئے۔ پاکستان نے دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسے کم کر دیا۔ افغانستان کا 75 فیصد علاقہ آج بھی حکومتی کنٹرول میں نہیں، سب مل کر بھی افغانستان سے دہشتگردی ختم نہیں کر سکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 30 ارب ڈالر کا طعنہ دے کر پاکستانیوں کے دل دکھائے۔ ہمیں امداد نہ دینا امریکہ کا حق ہے، لیکن کولیشن سپورٹ فنڈ کیسے روکا جا سکتا ہے۔