مکی آرتھر نےجنوبی افریقہ میں شکست کے باوجود سہانے خواب دکھا دیے



لاہور( 24نیوز )دورہ جنوبی افریقہ  میں شکست کے باوجود قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کرکٹ دیوانوں کو سہانے خواب دکھا دئیے ،ہیڈ کوچ کہتے ہیں کہ قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ میں مجموعی طوپر بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔

دورہ جنوبی افریقہ سے وطن واپس پہنچنے کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ٹیسٹ سیریز میں شکست کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج تک جنوبی افریقہ میں کوئی ایشین ٹیم ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی اس لئے یہ سیریز خاصی ٹف تھی ۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست کے باوجود ہماری ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی اور ہم کامیابی کے قریب پہنچ کر شکست سے دوچار ہوئے ۔

ہیڈ کوچ نے کپتان سرفرا ز احمد اور فاسٹ باولر محمد عامر کی ناقص فارم کا بھرپور انداز میں دفاع کرتے ہوئے دونوں کو بہتر ین اور میچ ونر کھلاڑی قراردیا ،مکی آرتھر نے ٹیسٹ ٹیم کے سینئرکھلاڑیوں اظہر علی اور اسد شفیق کا مستقبل ان کی فارم اور فٹنس سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ ورلڈکپ پر اور میگا ایونٹ کے لئے بہترین ٹیم تیارکریں گے،مکی آرتھر نے دبے لفظوں میں ورلڈکپ کے بعد بھی کوچنگ جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کردیا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer