دہشتگردی کیخلاف جو کامیابی پاکستان نے حاصل کی وہ دنیا کا کوئی ملک نہیں کرسکتا:وزیراعظم


سیالکوٹ(24نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کوئی مانے نہ مانے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب بڑی جنگ لڑرہا ہے اور اس میں جو کامیابی پاکستان نے حاصل کی وہ دنیا کا کوئی ملک نہیں کرسکتا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جو پچھلے چار پانچ سال میں ہوا وہ کسی معجزے سے کم نہیں، نواز شریف کا جو وڑن تھا اس پر عملدرآمدکیا گیا،انہوں نے کہا کہ جس قسم کے ہمارے سیاسی حالات ہیں اور جو سیاسی ریکارڈ رہا، پاکستان میں حکومت کرنا بہت مشکل کام ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ ملک تھا جہاں جمعہ کی نماز میں لوگ خوف میں مبتلا ہوتے تھے لیکن ہم نے بڑی قربانیاں دے کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کیا، آج امن و امان موجود ہے، کراچی دنیا کے پانچ خطرناک شہروں میں تھا لیکن آج شہر امن کا گہوارا ہے، تمام سیاسی لوگوں، حکومت اور فوج نے مل کر کوشش کی اور اس کے اثرات سامنے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوئی مانے نہ مانے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب بڑی جنگ لڑرہا ہے، اس میں جو کامیابی پاکستان نے حاصل کی وہ کوئی نہیں کرسکتا، افغانستان میں ڈھائی لاکھ بیرونی فوج آئی اور کچھ نہ کرسکی لیکن ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور ملک سے نکال باہر پھینکا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ تھا، جب حکومت آئی تو بہت بڑا چیلنج تھا، ہمیں خود شک گزرتا تھا کہ اتنا بڑا چیلنج کیسے پورا کریں گے لیکن اسے پورا کرلیا گیا، آج ملک میں بجلی زیادہ ہے اور گیس بھی زیادہ ہے، اب کوئی بھی حکومت آئے ان کےلئے چینجز آسان ہیں، ہم نے پندرہ سال کےلئے کام کردیا ہے،شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی حقوق کو واضح کردیاہے، مشترکہ مفادات کونسل میں بجلی اور گیس کی قیمت کے معاملات بھی طے ہوجائیں گے۔

مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں