رکن پنجاب اسمبلی طاہر احمد سندھو کوٹ مومن میں سپرد خاک


سرگودھا(24نیوز)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی طاہر احمد سندھو کو آبائی گاوں کوٹ مومن کے قریب چک نمبر 19 میں سپرد خاک کردیا گیا۔نماز جنازہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی طاہر احمد سندھو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ پی پی 30 وہ حلقہ ہے جہاں تین بھائی ارکان پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد انتقال کرچکے ہیں۔
طاہر احمد سندھو کا تعلق سرگودھا کی ایک پڑھی لکھی زمیندار فیملی سے تھا، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کیا۔ سول سروس میں آئے اوراسسٹنٹ کمشنر بنے ، بعد میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
پی پی 30 کوٹ مومن سے 2002 میں ان کے بھائی فخر اقبال سندھو آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے اور مسلم لیگ ق میں شامل ہوگئے۔انہوں نے 2003 میں وفات پائی،بعد میں ان کے دوسرے بھائی زاہد اقبال رکن اسمبلی منتخب ہوئے، وہ حادثے میں جاں بحق ہوگئے، 2008 اور2013 میں طاہر احمد سندھو اس سیٹ سے دوبار منتخب ہوئے۔