پروٹیز نے سورماؤں کو خاک چٹا دی، 72رنز سے ٹیسٹ میچ جیت لیا


کیپ ٹاون (24 نیوز) ٹیسٹ میں جنوبی افریقن باؤلر نے دنیا نمبرایک بیٹنگ لائن اپ کا جلوس نکال دیا۔ گھر کے شیر بھارتی کھلاڑی دوسری اننگ میں صرف 135 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔ انوشکا سے شادی کے بعد پہلے میچ میں کوہلی کا بلا مکمل طور پر خاموش رہا۔

تفصیلات کے مطابق پروٹیز نے کیپ ٹاون ٹیسٹ میں 72 رنز سے کامیابی حاصل کر کے بھارتی سورماوں کا غرور خاک میں ملادیا۔ تیسرے روز کا کھیل بارش کے باعث ضائع ہونے کے بعد چوتھے روز جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگ دو وکٹوں پر65 رنز سے دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 130رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت نے 207 رنز کے تعاقب میں دوسری اننگ شروع کی اور پوری ٹیم 42.4 اوورز میں 135 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔

انوشکا سے شادی کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے بھارتی کپتان ویرات کوہلی دوسری اننگ میں بھی ناکام رہے اور 28رنز ہی بناپائے۔ فلینڈر نے چھ جبکہ ربادا اور مورکل نے دو دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ ویرون فلینڈر کو 42 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔