کراچی: سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار، سپریم کورٹ نے رپورٹ طلب کر لی


  کراچی (24ینوز) سپریم کورٹ کی کراچی کے سرکاری اسپتالوں کی حالت زار پر بھی نظر، پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلہ پالیسی پر ازخود نوٹس لے لیا۔ سپریم کورٹ نے حکام کو نوٹس بھی جاری کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے سرکاری ہسپتالوں سے متعلق بھی رپوٹ طلب کرلی ہے۔اعلیٰ عدالت نے متعلقہ اداروں اور میڈیکل سپرنٹنڈٹس سے اس بارے میں تفصیلی رپوٹ طلب کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت سے پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ یہ بتایا جائے کہ ان اسپتالوں میں وینٹیلیٹرز، آکسیجن، انکیوبیٹرز، انجیوگرافی مشینز، سی ٹی اسکین، ایم آر آئی مشینز اور ایمبولینسز کی کتنی تعداد موجود ہے۔

 عدالت نے اپنے حکم میں جان بچانے والی ادویات کی فراہمی اور مفت دوائیں فراہم کرنے سے متعلق بھی رپوٹ طلب کی ہے۔ازخود نوٹس کیس میں شہر بھر میں سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کی کل تعداد بھی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ بھر کے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلوں کے معااملے پر بھی ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ محکموں کے حکام سے رپوٹ طلب کرنے کے علاوہ تمام کالجز کے سی ای اوز کو بھی ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا ہے۔

ان دونوں کیسز کی سماعت 13 جنوری بروز سنیچر کو سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری میں ہوگی۔