نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے حلف اٹھا لیا


لاہور( 24نیوز )پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے،گورنر رفیق رجوانہ نے ان سے عہدے کا حلف لیا،حلف لینے کی تقریب گورنر ہاﺅس میں ہوئی جس میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر عسکری کو پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ مقرر کیا، نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں باہمی مشاورت کے بعدالیکشن کمیشن نے پروفیسرحسن عسکری کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر حسن عسکری کو آرٹیکل 224 اے کے تحت نگران وزیر اعلیٰ مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے 1980 میں یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے پی ایچ ڈی کی، صدر پاکستان کی جانب سے انہیں 23 مارچ 2010 کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔


حسن عسکری کہتے ہیںکہ نتخابات الیکشن کمیشن کی دی گئی تاریخ پرہونگے، تمام سیاسی جماعتوں کوساتھ لے کر چلوں گا۔رول آف لاءکےمطابق سب کوبرابرمواقع ملیں گے۔

واضح رہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا معاملہ پہلے صوبائی حکومت اور اپوزیشن کے پاس تھا۔ ان کو حق حاصل تھا کہ وہ باہمی مشاورت سے نگران وزیراعلیٰ کا انتخاب کریں لیکن سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی کئی میٹنگز ہونے کے باوجود بھی انتخاب نہ کیا جاسکا، بعدازاں نگران وزیراعلیٰ کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کےسپرد کردیا گیا۔
گزشتہ روز پارلیمانی کمیٹی بھی حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائےپیدا کرنے میں ناکام ہوگئی تھی۔جس کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا تھا،الیکشن کمیشن کو اسپیکر پنجاب اسمبلی نے چار نام بھیجے تھے ، جن میں حکومت کی جانب سے ایڈمرل ذکائ اللہ، جسٹس ریٹائرڈ سائرعلی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ڈاکٹر حسن عسکری اور ایازامیر کا نام تجویز کیا گیا تھا۔