ملک میں بجلی کی قلت پر عوام کو اعتماد میں لیا جائے:عمران خان


اسلام آباد( 24نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نگران وزیراعظم ناصر الملک سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں بجلی کی قلت کے معاملے پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے، عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ شدید گرمی کی لہر کے ساتھ ملک کو بجلی اور پانی کے بڑھتے ہوئے بحرانوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں نے خط کے ذریعے نگران وزیر اعظم سے بجلی کی قلت اور 500 ارب کے گردشی قرضوں کی حقیقی صورتحال سامنے لانے اور قوم کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا ہے‘ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوو¿ں میں کچھ صداقت تھی یا وہ جھوٹ پر مبنی تھے۔
عمران خان نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’اسی طرح قوم یہ بھی جاننا چاہتی ہے کہ شہباز شریف کے اس بیان میں کہ"بجلی کی عدم دستیابی کی ذمہ دار نگران حکومت ہوگی" کس حد تک صداقت ہے؟


ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے کی بدحالی کے ذمہ داروں کو سامنے لانا نگران حکومت کا فرض ہے، ن لیگ کی گڈ گورننس کے دعووں سے متعلق بھی قوم کو آگاہ کرے۔