خاڑکمر واقعہ پر دل خون کے آنسو رورہا ہے:وفاقی وزرا

خاڑکمر واقعہ پر دل خون کے آنسو رورہا ہے:وفاقی وزرا


اسلام آباد(24نیوز)وفاقی وزرا نےخاڑکمر بارودی سرنگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے،پاکستان کے عوام اپنی فوج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ  پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ اس کے افسر، جوان اور عوام دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنے والے شہداء کی قربانیاں قابل فخر ہیں قوم کو اپنے شہدا پر ناز ہے۔ دہشت گردی کی مذموم کاروائیاں قوم کے عزم و ہمت اور استقلال کو کمزور نہیں کر سکتیں، اللہ تعالی شہداء کے درجات کو بلند فرمائے آئے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

‏مسلح افواج، ایف سی، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنے خون سے دہشت گردی کا قلع قمع کیا ہے شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے حملے پر مذمتی ویڈیو بیان جاری کرتے کہا  شمالی وزیرستان میں اندوہناک واقعہ ہوا ہے، ایسے واقعات میں شہدا کا سن کر دل خون کے آنسو روتا ہے،  میرا شہر جہلم بھی دہشت گردی کی اس جنگ میں چار سو سے زائد شہدا دے چکا ہے، ان خاندانوں کا دکھ سمجھ سکتا ہوں۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کہتے ہیں جہاں وطن جیتتے ہیں وہاں مائیں ہارتی ہیں، یہ لڑائی میں جو ہم پر مسلط کی گئی بدقسمتی سے کئی ماوں کی گودیں اجڑیں ہیں، جس جگہ پی ٹی ایم والا واقعہ ہوا اسی جگہ ہی کیوں پے در پے شہادتیں ہورہی ہیں؟  فاٹا اب خیبر پختون خواکا حصہ ہے،دو معاملات ہیں ایک فاٹا میں الیکشن ہورہے ہیں دوسرا وہاں باڑ کی تنصیب ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نےشمالی وزیرستان میں دھماکے کی مذمت کی،کہتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں، تین افسران اور ایک جوان کی شہادت پر دل افسردہ ہے،اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاکرے ، مشکل کی اس گھڑی میں شہداء اور خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer