آئندہ مالی سال سےسماجی تحفظ کا بجٹ دوگنا کرنے کا اعلان

آئندہ مالی سال سےسماجی تحفظ کا بجٹ دوگنا کرنے کا اعلان


اسلام آباد(24 نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے غربت مٹاو مہم ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ان حالات میں سماجی تحفظ کا بجٹ دوگنا کر دیا ہے، بیرون ملک مقیم محنت کشوں اور معذور افراد کے لئے پالیسی کا اعلان بھی کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے غربت مٹاو مہم اور چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا ملک میں معذور افراد کو احساس پروگرام کے تحت انصاف کارڈ جاری کیے جائیں گے، بینائی سے محروم افراد کو سفید چھڑی،سماعت سے محروم افراد کو مفت ہیئرنگ ایڈ اور ویل چیئر جبکہ سرکاری ملازمتوں میں ان کے 2 فیصد کوٹے کو یقینی بنانے پر عملی اقدامات کئے جائیں گے۔

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ بے روزگار افراد کو با عزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت نے آسان اقساط پرقرضہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 80 ہزار افراد مستفید ہو سکیں گے۔ پسماندہ علاقوں کی خواتین کے لیے خود کفالت پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ایسے محنت کش جو گزشتہ کئی سال سے ٹکٹ خریدنے کی طاقت نہیں رکھتے ان کو حکومت کی جانب سے سبسڈی دی جائے گی جبکہ حکومت 10 لاکھ غربا کے لیے راشن کارڈ بھی لا رہی ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer