سابق پاکستانی لیگ سپنر مشتاق احمد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مقرر

سابق پاکستانی لیگ سپنر مشتاق احمد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مقرر


24 نیوز : سابق پاکستانی لیگ سپنر اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کو ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے عارضی طور پر ویسٹ انڈیز ٹیم کا باؤلنگ کوچ تعینات کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کیربئین کرکٹ بورڈ کی جانب سے مشتاق احمد کو عارضی طور پر ویسٹ انڈیز ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

مشتاق احمد اس ماہ کے وسط میں ویسٹ انڈین ٹیم کے ساتھ باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ساتھ مشتاق احمد کا معاہدہ 15 اپریل کو ختم ہو گیا تھا جس کی گزشتہ ہفتہ دوبارہ تجدید کر دی گئی۔

مشتاق احمد نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو کوچنگ کی درخواست دی تھی جس پر کیربیئن بورڈ نے ان کے ساتھ عارضی کوچنگ کا معاہدہ کیا ہے۔

مشتاق احمد 17 جولائی کو دوبارہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس سے قبل سابق پاکستانی آف سپنر ثقلین مشتاق بھی ویسٹ انڈیز ٹیم کے باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ مشتاق احمد نے پاکستان کی طرف سے 52ٹیسٹ میچوں میں 185جبکہ 144ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 161وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔