"نیا قمری کیلنڈر 15 روز میں مکمل ہو جائے گا"



اسلام آباد (24 نیوز) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کی پریس کانفرنس، نیا قمری کیلنڈر پندرہ روز میں مکمل ہونے کا عندیہ دے دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پندرویں روزے سے پہلے اگلے پانچ سال کا کیلنڈر جاری کیا جائے گا، ہم مفتی منیب اور باقی علماء کا احترام کرتے ہیں، لیکن اتنے بزرگ علما چاند دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں جن کو سامنے پڑی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنا مکمل طور پر سائنسی معاملہ ہے، دور بین 100 سالہ پرانی ٹیکنالوجی ہے لیکن چاند دیکھنے کی ضد کرکے بیٹھ جانا ٹھیک نہیں ہے، کوئٹہ میں ہم نے جدید دوربینیں لگائی ہوئی ہیں، نماز کے اوقات سورج سے وابستہ ہیں لیکن سب باہر جا کر سورج نہیں دیکھتے گھڑی دیکھتے ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2022 میں پہلا پاکستانی خلاباز سپیس میں بھیجا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بجٹ کا پیسہ فاؤنڈیشن کے ہیڈ کھا جاتے ہیں، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے تمام ہیڈز تبدیل کریں گے جن کے خلاف انکوائریاں ہو رہی ہیں، انہیں کلئیرنس تک معطل کریں گے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer