آسیہ بی بی کو نیوسنٹرل جیل ملتان سے رہاکردیا گیا


ملتان(24نیوز) توہین رسالت کے مقدمہ میں بری ہونے والی آسیہ بی بی کو نیوسنٹرل جیل ملتان سے رہاکردیا گیا، آسیہ بی بی کو سخت سکیورٹی میں ملتان ائیرپورٹ منتقل کیا گیا۔ 

ذرائع کے مطابق آسیہ مسیح کو نیو سنٹرل جیل ملتان سے 9 بجکر 18 منٹ پر رہا کیا گیا  جہاں سے آسیہ بی بی کو کالے رنگ کے ڈبل کیبن ڈالے میں انتہائی سخت سکیورٹی میں ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ منتقل کیا گیا۔ائیر پورٹ کے علیحدہ دروازے سے گاڑیاں اندر لائی گئیں اور ان کو اسٹیٹ لاؤنج سے لے جایا گیا .

آسیہ بی بی کا خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا۔ آسیہ بی بی کو نور خان ائیر بیس سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملتان ایئر پورٹ پر خصوصی طیارہ سوا آٹھ سے ساڑھے آٹھ بجے کے درمیان پہنچا۔ طیارے کو اسٹیٹ لاؤنچ کے سامنے خصوصی سیکورٹی میں کھڑا کیا گیا تھا ۔ خصوصی طیارے نے 9 بجکر 42 منٹ پر اسلام آباد ایئر پورٹ کی جانب پرواز بھری۔ طیارے میں آسیہ بی بی کے علاوہ نیدر لینڈ کا خصوصی وفد بھی تھا۔  نیدر لینڈ کا وفد بائی روڈ ملتان پہنچا تھا جہاں وہ چند گھنٹے ایک مقامی ہوٹل میں رکے تھے۔  ہوٹل کی سیکورٹی بھی غیر معمولی رکھی گئی تھی ۔  ذرائع کے مطابق آسیہ بی بی کی رہائی کا روبکار آج شام پہنچا تھا جس کے بعد ان کی رہائی عمل میں لائی گئی ۔ 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔