غداری کیس کی سماعت ضمنی الیکشن کے بعد تک ملتوی


لاہور( 24نیوز )غداری کیس میں سابق وزراءاعظم نواز شریف ، شاہد خاقان عباسی کی پیشی کی حاضری کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے سماعت ضمنی الیکشن سے بعد تک ملتوی کردی،جج نے استفسار کیا کہ نواز شریف کہاں ہے؟سابق وزیر اعظم نے کرسی سے کھڑے ہوکر کہا کہ یہاں ہے نواز شریف ۔

عدالت نے مختصر کارروائی کے بعد سماعت 22اکتوبر تک ملتوی کردی،یاد رہے 14اکتوبر بروز اتوار کو ملک بھر میں ضمنی الیکشن ہونگے، شاہد خاقان عباسی حلقہ124لاہور سے ن لیگ کے امیدوار بھی ہیں۔

غداری کیس:سابق وزراءاعظم نواز شریف ،شاہد خاقان ہائیکورٹ پہنچ گئے

غداری مقدمہ کیس میں پیشی کیلئے سابق وزراءعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی ہائیکورٹ پہنچ گئے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا انٹرویو کی بنیاد پر سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف درخواست زیر سماعت ہے، جسٹس مظاہر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔،بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس مسعود جہانگیر شامل ہیں۔

ہائیکورٹ کے فل بینچ نے نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو حلف کی پاسداری نہ کرنے کے الزام میں طلب کیا تھا، نواز شریف ہائیکورٹ پہنچ گئے ،لاہور ہائیکورٹ اور اطراف میںسکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید ہاشمی لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے جب کہ لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے،شہری درخواست گزار آمنہ ملک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے انگریزی اخبار کو دیے گئے متنازع انٹرویو کو بنیاد بناتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی ہے کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے حلف کی پاسداری نہیں کی اس لیے دونوں کے خلاف بغاوت کی کارروائی کی جائے۔