دبئی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 482 رنز بنا کر آؤٹ، حفیظ ، حارث کی سنچریاں

دبئی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 482 رنز بنا کر آؤٹ، حفیظ ، حارث کی سنچریاں


دبئی(24نیوز) دبئی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں چار سو بیاسی رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اورحارث سہیل نے سنچریاں جبکہ اسد شفیق اور امام الحق نے نصف سنچریاں اسکور کیں، آسٹریلیا نے دوسرے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے تیس رنز بنا لیے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،محمد حفیظ اور امام الحق نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا،ٹیم میں واپس آنے والے محمد حفیظ نے عمدہ سنچری اسکور کی اور ایک سو چھبیس رنز بنائے،امام الحق نے 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اظہر علی 18رن ہی بناسکے۔

دوسرے روز پاکستان نے دو سو پچپن رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز شروع کی، محمد عباس ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد اسد شفیق اور حارث سہیل نے 150 رنز کی شراکت قائم کی۔ اسد شفیق 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم صرف چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، حارث سہیل سنچری مکمل کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے، سرفراز احمد پندرہ کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے، بلال آصف 12 اور یاسر شاہ 3 رنز بناسکے اور یوں پاکستان نے پہلی اننگز میں 482 رنز سکور کیے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل نے 3، نیتھن لیون نے دو جبکہ جون ہولاند،مارنس اور مچل اسٹارک نےایک ایک وکٹ حاصل کی،جواب میں آسٹریلیا نے دوسرے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے تیس رنز بنا لیے ہیں۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔