ٹرمپ مخالف مظاہرے جاری، اسرائیلی فائرنگ سے متعدد ہلاکتیں

ٹرمپ مخالف مظاہرے جاری، اسرائیلی فائرنگ سے متعدد ہلاکتیں


یروشلم (24 نیوز) امریکہ سمیت دنیا بھر میں ٹرمپ کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چار ہوگئی۔ سات سو سے زائد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا معاملہ ٹرمپ کے گلے پڑ گیا۔ دنیا بھر میں امریکی صدر کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ واشنگٹن، نیویارک، میکسیکو،  جرمنی اور یمن میں مظاہرے ہوئے۔

واضح رہے کہ فلسطینی علاقوں بیت اللحم، مغربی کنارے، غزہ، بیت المقدس میں ہفتے کو بھی فلسطینیوں نے مظاہرے کئے۔ اسرائیلی فورسزنے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولےبرسائے۔

علاوہ ازیں چینی وزیرخارجہ وانگ زی اِن نے ٹرمپ کے فیصلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا جبکہ ترجمان شمالی کورین وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نےعالمی برادری کی توہین کی۔