ایف بی آرنے ہاوسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا

 ایف بی آرنے ہاوسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا


اسلام آباد(24نیوز) ایف بی آرنے ہاوسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا،  پلاٹس کی خریدو فروخت کرنے والے نان رجسٹرڈ افراد کا رکارڈ حاصل کیا جانے لگا،کم از کم 10 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد خریدنے والوں کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے کراچی ،لاہور، اسلام آباد میں ہاوسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہےکہ ہاوسنگ سوسائٹیز میں جائیداد کی خریدو فروخت کرنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جانے لگا۔پلاٹس کی خریدو فروخت کرنے والوں کا رکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے۔ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں نان رجسٹرڈ ٹیکس گزاروں کے شناختی کارڈ نمبر حاصل کیے جا رہے ہیں۔ نان رجسٹرڈ افراد کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق زمین ڈاٹ کام کے ذریعے جائیداد کی خریدو فروخت کرنے والوں کا رکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے۔  ٹریکر ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں کاروبار کرنے والو کا ڈیٹا اکٹھا کیا جانے لگا۔ ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کم از کم 10 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد خریدنے والوں کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے اور ان سے ذرائع آمدن پوچھے جائیں گے۔