الیکشن کمیشن نے عمران خان کو لودھراں میں خطاب کرنے سے روک دیا



اسلام آباد(24نیوز) تحریک انصاف کیلئے بری خبر آگئی، الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آج لودھراں میں ہونے والے جلسے میں خطاب سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کو خط لکھ دیا جس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ 12 فروری کو لودھراں میں ضمنی انتخاب ہے اور ضابطہ اخلاق کے تحت رکن قومی اسمبلی انتخابی حلقے میں جلسے سے خطاب نہیں کرسکتا۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کےتحت وزیراعظم، وزیراعلی، وفاقی وزراء، وزرائے مملکت انتخابی حلقے کا دورہ نہیں کرسکتے۔ صدراور وزیراعظم کے مشیر، صوبائی وزراء، قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلی کےوزراء بھی انتخابی حلقے کا دورہ نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کے نشست این اے 154 خالی ہوئی تھی جس پر ان کے صاحبزادے علی ترین پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔