دوہری شہریت رکھنے والے اساتذہ کی شامت آگئی



لاہور (24 نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے بھی ادارے میں افسران و ملازمین سمیت سرکاری سکولوں میں تعینات اساتذہ سے دوہری شہریت رکھنے والوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ دوہری شہریت رکھنے والوں کو کل تک تفصیلات جمع کرانے کی ڈیڈ لائن بھی دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق دیگر صوبائی محکموں کے بعد محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے بھی دوہری شہریت رکھنے والے افسران اور اساتذہ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کے مطابق وفاق کی جانب سے ملنے والے احکامات کے بعد تمام صوبائی محکموں کی طرح محکمہ سکول ایجوکیشن سے بھی 10 فروری تک تمام افسران اور اساتذہ سمیت ملازمین کو تفصیلات طلب کی ہیں۔

جس پر محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے باقاعدہ طور پر تفصیلات کے حصول کے لیے پرفارما بھی ارسال کر دیا ہے۔ جو آفیسر، اساتذہ اور ملازمین دوہری شہریت کے حامل ہیں وہ مذکورہ تفصیلات فراہم کریں گے۔ دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام نے تفصیلات طلب کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔