سوائن فلو نے جنوبی پنجاب کے بعد لاہور کا رخ کر لیا،متعدد مریض زیر علاج

سوائن فلو نے جنوبی پنجاب کے بعد لاہور کا رخ کر لیا،متعدد مریض زیر علاج


لاہور (24نیوز) سوائن فلو نے اب لاہور میں پنجے گاڑھ دیئے ، جنوبی پنجاب میں 19 زندگیاں نگلنے والے وائرس نے شہر میں تھرتھلی مچادی، سوائن فلو کے پہلے مریض کی تصدیق ہوگئی،مختلف اسپتالوں میں دس مشتبہ مریض زیرعلاج ہیں، محکمہ صحت بھی متحرک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب میں انیس زندگیاں نگلنے کے بعد سوائن فلو نے لاہورمیں ڈیرے ڈال لئے ہیں بہتر سالہ رشیدہ بی بی فاروق اسپتال ٹھوکرنیاز بیگ میں زیرعلاج ہیں قومی ادارہ صحت نے ٹیسٹ کے بعد رشیدہ بی بی میں وائرس کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔

ڈاکٹرزاسپتال میں تین ، جناح میں دو، شیخ زید ، سروسز، فاطمہ میموریل ، حمید لطیف اسپتال میں ایک ایک مشتبہ مریض زیرعلاج ہے۔ متاثرین کے ٹیسٹ قومی ادارہ صحت کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔

 محکمہ صحت بھی متحرک ہوگیا ،،صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت سوائن فلو کے حوالے سے اہم اجلاس میں موسمی زکام ایچ ون این ون کی روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد دو ہزارتک پہنچ چکی ہے جس میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے ۔ملتان کے تین ڈاکٹر بھی سوائن فلو کا شکار ہوگئے ہیں۔