بھارت نے پاکستانیوں سے مخاصمت کی تمام حدیں عبور کر دیں

بھارت نے پاکستانیوں سے مخاصمت کی تمام حدیں عبور کر دیں


حافظ آباد(24نیوز) بھارت پاکستان سے مخاصمت کی سب حدیں عبور کر گیا، حافظ آباد کا نوجوان 17 سال سے سرحد پار جیل میں قید، شاہنواز کا والد بیٹے کی رہائی کی آس لئے دنیا سے رخصت ہوگیا، ماں دن رات بیٹے کی گھر واپسی کی راہیں دیکھ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے گاوں نالی والا کا محمد شاہنواز 2001 میں دوستوں کے ساتھ سیر تفریح کیلئے چولستان گیا تھا اور غلطی سے بارڈر کراس کرلیا۔جس وجہ سے بھارتی فورسز نے اسے گرفتار کرلیا۔ شاہنواز احمد آباد گجرات کی صابرمتی سینٹرل جیل میں قید ہے۔سزا پوری ہونے کے باوجود اسے آج تک رہا نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب شاہنواز کی ماں آج بھی آنکھوں میں آنسو لئے اعلی حکام سے بیٹے کی رہائی کی فریاد کر رہی ہے۔ کہتی ہے کہ حکومت کوئی بھی جتن کرکے اسے اس کے بیٹے سے ملا دے۔ شاہنواز کے بھائیوں کہنا ہے کہ شاہنواز کی سزا پوری ہوچکی۔ حکومت اس کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ شاہنواز کا باپ اپنے بیٹے کی رہائی کی امید دل میں لئے دنیا سے رخصت ہوگیا۔ شاہنواز کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ناجانے بھارتی جیلوں میں قید شاہنواز جیسے اور کتنے اور بے گناہ پاکستانی سزا پوری ہونے کے باوجود رہائی کے منتظر ہیں۔