عمران خان نے چپ کا روزہ توڑدیا، شادی کی خبر وں کے بعد میدان میں آگئے


اسلام آباد (24 نیوز )تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان شادی کی خبر وں کے بعد میدان میں آگئے۔ان کا کہنا ہے کہ تین دن سے سوچ رہا ہوں کے کیا میں نے کوئی بینک لوٹا ،کیا اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ،کیا ماڈل ٹاون جیسا واقعے کا حکم دیا اور کیا میں نے ریاستی راز بھارت کو دئیے ؟،کیا شادی کی خواہش رکھنا بڑا جرم ہے ؟۔


مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس طرح کی شیطانی میڈ یا مہم سے میرا کچھ نہیں بگا ڑا جا سکتا کیونکہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔


عمران خان نے کہا کہ مجھے بچوں اور بشریٰ بی بی کے خاندان کی فکر ہے جن کا نام اس بد نیتی پر مبنی میڈ یا مہم میں آیا۔


عمران خان نے نواز شریف اور میر شکیل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس میڈ یا مہم سے ان کے خلا ف لڑنے کا میرا ارادہ اور بھی مضبوط ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں شریف خاندان کو چالیس سال سے جانتا ہوں اور ان کی ذاتی زندگیوں کا بھی پتہ ہے ،میں کبھی شریف خاندان کی ذاتی زندگی پر بات کرنے تک نہیں گر سکتا۔انہوں نے اپنے کارکنوں سے دعا کرنے کی بھی درخواست کی۔


واضح رہے عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی کے حوالے سے خبریں میڈیا میں زیر گردش ہیں،جس کی تردید پی ٹی آئی اور مانیکا خاندان دونوں کی طرف سے کی گئی ہے۔