چکوال: پی پی 20 کا میدان ن لیگ نے مار لیا


چکوال (24 نیوز) پی پی 20 چکوال ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے امیدوار حیدر سلطان نے پی ٹی آئی کے طارق افضل کو 29953 ووٹوں سے شکست دیدی۔ ن لیگی کارکنوں کا جشن، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔

چکوال پی پی 20 کا میدان ن لیگ نے مار لیا۔ 227 پولنگ اسٹیشنز کے غیرسرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق ن لیگ کے امیدوار چوہدری حیدر سلطان نے 75655 ووٹ حاصل کئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجہ طارق افضل 45702 ووٹ حاصل کرسکے۔ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار چوہدری ناصر عباس نے 16112 ووٹ حاصل کئے اور تیسرے نمبر پر رہے۔

ن لیگی کارکنوں نے جیت کا جشن ڈھول کی تھاپ پر رقص کر کے اور مٹھائیاں تقسیم کر کے منایا۔ آتش بازی، ہوائی فائرنگ کی اور جعلی نوٹوں کی بارش کی۔

صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔ 45 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیئے گئے جن پر رینجرز تعینات تھی۔ پولیس کے 1200 اہلکاروں نے ڈیوٹی سر انجام دی، جبکہ پاک فوج نے سارے عمل کی نگرانی کی۔

پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 20 مسلم لیگ نواز کے لیاقت علی خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ پولنگ کے دوران رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے سیکیورٹی فرائض انجام دیئے۔