16 پائلٹس اور 65 کیبن کریو کی ڈگریاں جعلی،لائسنس منسوخ

16 پائلٹس اور 65 کیبن کریو کی ڈگریاں جعلی،لائسنس منسوخ


اسلام آباد(24نیوز) سپریم کورٹ نے پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریوں سے متعلق کیس نمٹاتے ہوئے سول ایوی ایشن کو متنبہ کیا کہ ہم کسی کے رزق پر قدغن نہیں لگانا چاہتے، جن سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر معطل کیا گیا وہ ریکارڈ درست ہونا چاہئے۔

 تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس  میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ،سماعت کے آغاز میں سول ایوی ایشن کے وکیل نے بتایا کہ تمام ڈگریوں کی تصدیق ہوچکی ہے، صرف 6 ڈگریوں کی تصدیق رہتی ہے وہ لوگ بیرون ملک ہیں،  16 پائلٹس اور 65 کیبن کریو کی ڈگریاں جعلی نکلیں، جعلی ڈگریوں والے پائلٹس اور کیبن کریو کے لائسنس معطل کر دیے ہیں، جبکہ 6 ڈگریوں کی بیرون ملک سے تصدیق ہونی ہے۔

جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایسا تاثر ہے کہ عدالتی حکم پر عجلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے،  ہم کسی کے رزق پر قدغن نہیں لگانا چاہتے، جن سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر معطل کیا گیا وہ ریکارڈ درست ہونا چاہئے، سول ایوی ایشن کے وکیل  کا کہنا تھا کہ پائلٹس کو لائسنس معطلی کے بعد اپیل کا حق حاصل ہے،  جبکہ ایک متاثرہ پائلٹ نے کہا کہ میری ڈگری اصل ہے مگر پھر بھی لائسنس معطل کر دیا گیا۔

جس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ جس کا مسئلہ ہے وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرے، بعدازاں عدالت نے کیس نمٹا دیا۔