کل سورج کو چھٹی ہوگی

کل سورج کو چھٹی ہوگی


لاہور( 24نیوز )کل سورج کی چھٹی ہوگی،بادل پھر سے ملک کے مختلف علاقوں میں ڈیرے ڈالیں گے، بارشیں اپنا رنگ جمائیں گی، مری،گلیات ،ناران ،کاغان میں 2روز تک برفباری کے نظارے ہونگے۔

بھیگی رتوں کا موسم کل پھر سے آنے کو تیار ہے،بارشوں کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوگا اور آسمان سے ٹپ ٹپ پانی برسے گا،ڈائریکٹر محکمہ موسمیات خالد ملک کاکہنا ہے کہ نیا سسٹم کل سے ملک کے سینٹرل اور بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، پنجاب کے فیصل آباد، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان کے تمام ڈویڑن میں بارش ہوگی۔

گلگت بلتستان کے تمام ڈویژنوں، بنوں، کوہاٹ، پشاور، ڑوب، کوئٹہ ڈویژن اور کشمیر میں بھی بارش ہوگی،بارشوں کاسلسلہ تین روز تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کے مطابق نئے موسمیاتی سسٹم کے باعث پہاڑوں پر شدید برفباری متوقع ہے جس کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer