" پاکستان بابائے قوم کے وژن کے مطابق امن کا خواہاں ہے"



بہاولپور ( 24 نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک اور بابائے قوم کے وژن کے مطابق امن کا خواہاں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بہاولپور کور کی فارمیشنز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے موسم سرما کی اجتماعی ٹریننگ کا جائزہ لیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران اور جوانوں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور بابائے قوم کے وژن کے مطابق امن کا خواہاں ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح، تربیت یافتہ اور پیشہ ورانہ طور پر مضبوط فوج جنگ روکنے اور امن کی ضمانت ہوتی ہے۔پاک فوج نے انسدادی دہشگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیے ہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف لڑنےکے تجربے سے سخت جان فورس بن چکی ہے۔ 

آرمی چیف نے پاک فوج کی بہترین تربیتی معیار اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور جوانوں کے بلند حوصلے کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ کمانڈر بہاولپور کور اور آئی جی ٹریننگ اینڈ ایلو لیوایشن بھی تھے۔