لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت برسنے سے موسم کھل اٹھا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت برسنے سے موسم کھل اٹھا


اسلام آباد(24نیوز) موسم نے لی انگڑائی، لاہور سمیت پنجاب بھر میں صبح ہوتے ہی گھٹائیں چھا گئیں، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، لاہور میں بارش کے ساتھ ژالہ باری سے موسم حسین ہوگیا، گرمی ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں کالی گھٹائیں چھانے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا،  بارش اورٹھنڈی ہواؤں سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔صبح سویرے لاہور کو کالی گھٹاؤں نے گھیر لیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، پھر بارش کے ساتھ ہوئی ژالہ باری ہوئی تو موسم اور بھی رنگین ہوگیا، روزہ داروں کی جان میں جان آگئی، تفریح کیلئے دل مچلنے لگا۔
اسلام آباد میں بھی بادل چھا گئے اور تیز ہوائیں چلنے لگیں،جس سے دارالحکومت کا درجہ حرارت بھی نیچے آگیا۔بلوچستان کے ضلع ژوب اور ہزارہ ڈویژن میں بھی بادل جھوم کر برسے،  ژوب میں بارہ اور بالاکوٹ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان،خیبرپختونخوا، کشمیر اور بلوچستان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔