دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت، خیبر پختونخواہ حکومت اپنے ہی منشور کیخلاف چل نکلی

دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت، خیبر پختونخواہ حکومت اپنے ہی منشور کیخلاف چل نکلی


پشاور(24نیوز) تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ایک جانب بلین ٹری سونامی پر پھولے نہیں تو دوسری طرف اپنے ہی کیے ہوئے وعدوں کے خلاف کام کرنا شروع کردیا۔

 موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملکوں میں ساتویں نمبر پر ہونے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اس کے برعکس اپنے واحد میگا پراجیکٹ بس ریپڈ ٹرانزٹ کے راستے میں آنیوالے تمام پودوں، گرین بیلٹ اور برسوں پرانے درختوں کو اکھاڑ رہی ہے۔

بس ریپڈ ٹرانزٹ پر کام زور و شور سے جاری ہے اور حکومتی دعووں کے مطابق یہ منصوبہ رواں سال اپریل کے وسط تک مکمل کر لیا جائیگا اور عوام کو آرام دہ سفری سہولیات مہیا کی جائینگی لیکن دوسری جانب ایک ارب درخت لگانے کا دعوی کرنیوالی حکومت خود درختوں اور پودوں کی دشمن بن گئی ہے۔

موسمیاتی تغیر و تبدل سے ملک کو سالانہ 80 کروڑ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے لیکن کیا بلین ٹری سونامی کا نعرہ لگانے والی سرکار کو ووٹ بینک بڑھانے کیلئے اپنے واحد میگا پراجیکٹ کیلئے تناور درختوں کو تلف کرنے کے نقصان کا پتہ بھی ہے؟