عمران خان نے آصف زرداری کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے، مریم نواز کا انکشاف


بہاولپور (24 نیوز) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ سینیٹ میں عمران خان نے پس پردہ پیپلزپارٹی سے ہاتھ ملایا، لیڈروقت آنے پر اپنے ووٹ کا سودا نہیں کرتے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہاہے کہ انشاء اللہ ووٹ بیچنے والوں کو رونا پڑے گا، ارکان کے بکنے کا سب سے زیادہ شور عمران خان نے مچایاتھا، پاکستان میں ووٹوں کی منڈیاں لگی ہوئی ہیں، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کی ضرورت آج پہلے سے بھی زیادہ ہے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ہر پاکستانی کے دل میں گھر کر گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان نے تو اپنے تمام سینیٹرز کو فری میں زرداری کے حوالے کر دیاہے، زردار ی نے خوامخواہ اربوں روپے خرچ کر کے عمران خان کے سینیٹرز کو خریدا جبکہ دشمنی آپ کی نوازشریف سے ہے اور ہتھیار آپ نے زرداری کے سامنے ڈال دیئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ کمال ہو، خود جلسوں کے ریکارڈ بنا کر خود ہی توڑتے ہو، میں نے پہلے کبھی یہاں اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا، بہاولپور والو، آج آپ نے کمال کردیا۔

بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 70لاکھ ووٹ لینے والی پارٹی نے500 ووٹ لینے والے عبدالقدوس کے ہاتھ میں سب سینیٹرزپکڑا دیے، انہوں نے عبدالقدوس کی چادرمیں چھپ کرپیپلزپارٹی کواپنے سینیٹرز دےدیے،عمران خان،کیا سمجھتے ہو کہ عوام کو پردے کے پیچھے سے کچھ نظر نہیں آرہا؟چور دروازوں سے آنے والے کیا آپ کے لیڈر کہلانے کے لائق ہیں؟