نواز شریف کا 70سالہ پالیسیوں سے بغاوت کا اعلان


بہاولپور(24نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بہاولپور والوں نے آج اپنا فیصلہ سنا دیا ، ہم نے مہنگائی، بجلی لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کی کمر توڑ دی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چار سالوں میں مخالفین نے کچھ کرنے نہیں دیا، کبھی دھرنے، جلسے جلوس اور کبھی عدالتوں میں گئے لیکن ن لیگ اور نوازشریف نے پاکستان کے بڑے بڑے مسائل ختم کردیئے۔ ہم نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا، بجلی واپس لے آئے، ہمیں ناز ہے ہم نے ملک کے بڑے مسائل ختم کردیئے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے آصف زرداری کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے، مریم نواز کا انکشاف

نواز شریف نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی تو نااہل کر دیا تنخواہ لے لیتا تو پتہ نہیں کیا ہوتا ، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے ۔میاں نوازشریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ 70 سالوں سے ظلم ہوا، ہماری نسلوں کے ساتھ ظلم ہوئے ہیں، ہم نے 70 سالوں میں بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، جو کچھ ملک کے ساتھ ان 70 سالوں سے ہورہا ہے اس سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اپنی نوجوان نسل کو مایوس نہیں کروں گا۔

پڑھنا نہ بھولئے: چیئرمین سینیٹ کیلئے ن لیگ نے نیا امیدوار ڈھونڈلیا 

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر اپنا حق نہ ملے تو اسے چھین لیں، ہم یہ طے کریں گے کہ اپنے ووٹ کی عزت کرائیں گے، یہ عوام کا مجھ سے وعدہ ہونا چاہیے، نوازشریف وہ وعدہ نہیں کرتا جو پورا نہ کرسکے، 70 سالوں سے ووٹ پاؤں تلے روندتے رہے ہیں، عوام وعدہ کریں ہم آئندہ کسی کو بھی ووٹ کو پاؤں تلے روندنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ضرور پڑھئے: ن لیگ، پی ٹی آئی اورپی ایس پی نے ایک بار پھر متحدہ کا ساتھ چھوڑ دیا 

میاں نواز شریف انھوں نے کہا کہ اب بہاولپور میں بھی میٹرو بس آنی چاہیے، اگر آپ نے دوبارہ موقع دیا تو انشااللہ سب کو اپنے گھر ملیں گے اور انصاف کو آپ کے گھر کی دہلیز تک پہنچائیں گے ۔