غریبوں کیلئے کفایت شعار،امیروں کیلئے حاتم طائی،ارکان اسمبلی کی کئی گنا تنخواہ بڑھانےکی تیاری

غریبوں کیلئے کفایت شعار،امیروں کیلئے حاتم طائی،ارکان اسمبلی کی کئی گنا تنخواہ بڑھانےکی تیاری


لاہور(24نیوز)کفایت شعار حکومت کی دہری پالیسیاں، بزدار سرکار نے ارکان اسمبلی کو مالا مال کرنے کی کمر کس لی، پنجاب میں مزدور کی تنخواہ تو 16 ہزار 5 سو روپے کرنے کا فیصلہ جبکہ اراکین اسمبلی کی تنخواہ 80 ہزار سے بڑھا کر ساڑھے 4 لاکھ روپے کرنے کی تیاری کرلی گئی۔

 ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی کی تنخواہ آئندہ چند روز میں بڑھا دی جائے گی۔ اس حوالےسے وزارت قانون کابینہ سے بل کی منظوری کے لیے سرگرم عمل ہے، ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا مسودہ قانون منظوری کے آخری مراحل میں ہے، کابینہ کی منظوری کے بعد ارکان اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 18 ہزار روپے سے بڑھ کر 3 لاکھ روپے ماہانہ ہوگی۔ 

ڈیلی الاؤنس 1 ہزار سے بڑھ کر 4 ہزار روپے ہوگا، ہاؤس رینٹ 29 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے ہو جائے گا۔ جبکہ یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے ہوگا، اسی طرح پبلک آفس میں آنے والے مہمانوں کو پلائے جانے والی چائے پانی کا ماہانہ آلاونس 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے ہو جائے گا ۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ارکان اسمبلی کے لیے تو حاتم تائی جبکہ غریب مزدور کے لیے کفایت شعار، اس وقت اسمبلی سیکرٹریٹ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں کی مد میں 29 کروڑ روپے سے زائد ماہانہ خرچ کر رہا ہے، تنخواہوں میں اضافے کے بعد اسمبلی سیکرٹریٹ کو 1 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد کا ماہانہ اضافی بوجھ برداشت کرنا ہوگا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer