پاکستان نے بھارت کی ایشیاء پیسیفک گروپ میں شمولیت پر اعتراض اٹھادیا

پاکستان نے بھارت کی ایشیاء پیسیفک گروپ میں شمولیت پر اعتراض اٹھادیا


اسلام آباد ( 24 نیوز ) پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ایشیا پیسیفک گروپ میں بھارت کی شمولیت پر اعتراض اٹھا دیا، وزیر خزانہ نے ایف اے ٹی ایف سے بھارت کو نکالنے کا مطالبہ کردیا بھارت کی پاکستان دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں بھارت کی جگہ کسی اور کو شامل کیا جائے۔

پاکستان نے بھارت کے جنگی عزائم اور جانبدارانہ رویہ پر ایف اے ٹی ایف کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے ایف اے ٹی ایف کے صدر کو خط لکھ دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیاہے کہ ایف اے ٹی ایف ایشیاء پیسیفک گروپ میں بھارت کے جگہ کسی اور ملک کو شامل کرے۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے بارے میں جانبدارانہ رائے اور عزائم رکھتا ہے۔ بھارت کی پاکستان دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ بھارت پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ بھارت پاکستان پر اقتصادی پابندیاں لگانے کی کوشش کررہا ہے ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسیفک گروپ میں بھارت کی شمولیت سے پاکستان ہراساں ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کررہا ہے تاہم ایف اے ٹی ایف یقینی بنائے کہ تمام تر کارروائی غیر جانبدارانہ ہوگی، پاکستان نے گذشتہ برس بھی بھارت کی شمولیت پر اعتراض اٹھایا تھا مگر اس کا نوٹس نہیں لیا گیا۔