اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 49 رنز سے شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 49 رنز سے شکست دیدی


کراچی ( 24 نیوز ) پی ایس ایل فور میں کراچی کھیلے جانے والے آج کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 49 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

کراچی نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شاہین آفریدی نے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر لیوک رونکی کو حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔

تیسرے اوور میں لیمی چانے نے سالٹ کو بھی آؤٹ کر دیا لیکن اس کے بعد کیمرون ڈیلپورٹ اور چیڈوک والٹن کے درمیان 128 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔

کیمرون ڈیلپورٹ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 6 چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے سنچری سکور کی۔ محمد آصف نے بھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 6 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے پہاڑ جیسے 239 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز مقررہ اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بناسکی۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور  ڈیوسچ نے اننگز کا آغاز کیا، فہیم اشرف کی تباہ کن باؤلنگ کےسامنے فخر زمان زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور 29 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔

لاہور قلندرز کے بلے باز سہیل اختر نے 34 گیندوں پر  سب سے زیادہ 75 رنز سکور کیے۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو کہ پی ایس ایل کی ایک اننگز میں بیسٹ بولنگ فیگر ہے۔