شاہینوں نے کیویز سے حساب چکتا کرلیا، نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست

شاہینوں نے کیویز سے حساب چکتا کرلیا، نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست


ابوظہبی(24نیوز) پاکستان نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے بہترین بلے بازی کی  لیکن 54 کے مجموعی اسکور پر امام الحق کیوی بولر فرگوسن کا خطرناک باؤنسر سر پر لگنے سے زخمی ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

امام الحق کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بابر اعظم نے کمان سنبھالی۔ دونوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان 155 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم کی صورت میں ملا، بابر اعظم 46 رنز بنا کر فرگوسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے ایک رنز ہی بنانے کے بعد 156 رنز  پر فخر زمان بھی 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے سینئیر بیٹسمین شعیب ملک اور کپتان سرفراز  بالترتیب 10 اور 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ 27 اور شاداب خان 2 رنز بنا  کر ناٹ آؤٹ رہے یوں پاکستان نے 40.3 اوورز میں ہدف آسانی سے پورا کرکے سیریز 1۔1 سے برابر کرلی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو  اننگز کا آغاز کولن منرو اور جارج وارکر نے کیا۔ پاکستانی بولرز نے کیویز کا پہلا شکار 14 کے مجموعی اسکور پر کیا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں گرتی گئیں اور 73 کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد راس ٹیلر اور ہنری نکولس نے 45 رنز کی اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 148 رنز تک پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نکولس تھے جو 33 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

اس کے بعد کیوی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس دکھائی دئیے اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا سکی۔ راس ٹیلر 86 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 ، حسن علی 2 جبکہ شاداب خان اور محمد حفیظ نے 1 ، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔