9محرم کے جلوس و مجالس، سیکورٹی کےفول پروف انتظامات، موبائل فون سروس معطل

9محرم کے جلوس و مجالس، سیکورٹی کےفول پروف انتظامات، موبائل فون سروس معطل


اسلام آباد( 24نیوز ) امام حسین علیہ السلام کے جان نثاروں کی یاد میں آج 9ویں محرم الحرام پر مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جارہا ہے،ملک کےمختلف شہروں میں شبیہ ذوالجناح اورشبیہ علم کےجلوس برآمد ہورہے ہ ہیں ، عزاداران شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

واقعہ کربلا14سوسال قبل پیش آیا,حضرت امام حسین علیہ السلام دومحرم کوکربلا پہنچے,نہرفرات کےایک طرف خیمہ حسینی,اوردوسری طرف یزید کاہزاروں کالشکر ہے,آل رسول ﷺ پرپانی بندکردیا جاتا ہے,پھروہ واقعہ پیش آیا جس پر آسماں نےبھی خون کےآنسو رویا۔

 اسلام آباد

 اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ جی 6 ٹو سےدن 11 بجے برآمد ہوگا، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ جی 6 ٹو پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس سیونتھ ‏ایونیو ،جی 6 ون ٹو سے ہوتا ہوا میلوڈی چوک ‏پہنچے گا،جہاں نماز مغربین ادا کی جائے گی،‏ رات دس بجے جلوس اثنا ‏عشری میں اختتام پذیر ہو جائے گا، وفاقی پولیس کی جانب سے جلوس کی حفاظت کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی مکمل نگاہ رکھی جارہی ہے،پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں  رہے ہیں، جلوس کے علاقے میں موبائل سروس صبح سے شام تک بند رہے گی، جلوس کے تمام راستوں کو کنٹینر اور خاردار تاروں سے بند کیا اور بلڈنگز کی چھتوں پر سپیشل جوان موجود ہوں گے، سیکورٹی انتظامات کا جائزہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی لیا جا رہا ہے۔

راولپنڈی

راول پنڈی کی امام بارگاہ یادگار حسین ،کمرشل مارکیٹ سے علم کا جلوس برآمد ہوگاجو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ یادگار حسین پر اختتام پذیر ہوگا،نویں اور 10ویں محرم الحرام پر موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہے گی۔

کراچی

کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے دوپہر 12 بجے برآمد ہوگا جو پیپلز چورنگی، صدر دواخانہ، پریڈی اسٹریٹ، بولٹن مارکیٹ اور کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ کھارادرپر ختم ہوگا،کراچی سمیت کئی شہروں میں صبح سے ہی موبائل فون سروس معطل رہے گی جب کہ یوم عاشور کو بھی موبائل فون سروس معطل رکھی جائے گی۔

ملتان

نویں محرم الحرام کے حوالے سے آج امام بارگاہ ممتاز آباد میں مجلس بپا ہوگی،مجلس علامہ ضمیر الحسن نقوی پڑھائیں گے،مجلس کے بعد مرکزی جلوس انجمن یادگار حسینی ممتاز آباد سے برآمد ہوگا،جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا علم کا جلوس ہوگا، جلوس کے شرکاء نمازظہرین امامیہ مسجد ممتاز آباد مین ادا کرین گے، جلوس انجمن یادگار حسینی ممتازآباد پر ہی اختتام پذیر ہوگا،شرکاء نماز مغربین امام بارگاہ یادگار حسینی مین ادا کریں گے۔

نارووال

ضلع بھر میں نویں محرم الحرم کے 33 جلوس 78 مجالس ہونگی،جلوسوں، مجالس سیکورٹی کے لئے 1143 پولیس اہلکاروں کو مامور کیا گیا ہے، جلوسوں، مجالس کی مانٹرینگ 4 سی سی ٹی وی وین ، 72 کیمروں سے کی جائے گی ، ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے،نویں اور 10ویں محرم الحرام پر موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہے گی۔

پشاور

پشاور میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے دو جلوس ذوالجناح برآمد ہونگے، پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ حال صدر سے 10 بجے برآمد ہوگا، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس بھی بند رہے گی،کراچی،لاہور،راولپنڈی اور اسلام آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔