جذام کے مریضوں کیلئے مسیحا ڈاکٹر رئوتھ فائوکی 90ویں سالگرہ،گوگل کا خراج عقیدت

جذام کے مریضوں کیلئے مسیحا ڈاکٹر رئوتھ فائوکی 90ویں سالگرہ،گوگل کا خراج عقیدت


کراچی(24 نیوز) جذام کے مریضوں کیلئے مسیحا  بن کر پاکستان آنیوالی ڈاکٹر رئوتھ فائوکی 90ویں سالگرہ،گوگل کا خراج عقیدت۔

جذام کے مریضوں کی مسیحا جو کہ جرمن نژاد پاکستانی تھی 9 ستمبر 1929 میں جرمنی میں پیداء ہوئی۔ انہوں نے میڈیکل کی تعلیم 1949 میں مکمل کر نے کے بعدمشن میں اپنی خدمات پیش کیا اور 1958 ء میں مشن کی طرف سے وہ پاکستان آئیں اور جذام کی مریضوں کے بارے میں معلومات کو  اکھٹا کیا اور 1960 میں واپس آئیں اور جزام کے مریضوں کا علاج ریلوے بستی کے پیچھے ایک جھونپڑی سے شروع کیا۔ انہوں نے اپنی زندگی کو اس مشن کے لئے وقف کردیا۔

اس مسیحاء نے جذام کے لاکھوں مریضوں کا علا ج کیا اور یہا ں تک کہ افغانستان سے بھی مریض کراچی آکر اپنا علاج کراتے رہے۔ ڈاکٹر روتھ فاو کی قربانیاں رنگ لائیں اور 1996 ء میں پاکستان کولیپروسی ( جذام ) سے پاک ملک قرار دیا گیا۔

ڈاکٹر روتھ نے تا دم مرگ اپنے مشن کو انتہائی محنت اور جانفشانی سے ادا کیا اور حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوے انہیں نشان پاکستان اور نشان قائد اعظم جیسے ایوارڈز سے نوازا۔ جرمنی نے بھی انہیں اپنے ملک کا اعلیٰ اعزاز دیا۔ جبکہ آغا خان یونیورسٹی کراچی نے انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) کی ڈگری دی۔ ان کے علاوہ بھی مختلف اداروں نے انہیں لاتعداد اعزازات اور انعامات سے نوازا۔

ڈاکٹر روتھ فاو 10 اگست 2017 کو کراچی میں انتقال کر گئیں۔ انہیں وصیت کے عین مطابق گورا قبرستان کراچی میں دفنایا گیا۔ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ریاست پاکستان نے ڈاکتر روتھ فاو کو سرکاری سطح پر دفنانے کا انتظام کیا۔ پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے نے ان کو آخری سلامی دی، اور ان کی میت کو توپ پر لاد کر کراچی میں واقع چرچ تک لے جایا گیا، جو سرکاری اعزاز اور اکرام کا اہم جزو ہے۔

اس موقع پر صدر پاکستان ، گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ، چیف آف آرمی سٹاف اور ان کے ساتھ مختلف اداروں کے سربراہان موجود تھے۔ ڈاکٹر روتھ فائو کے اعزاز میں قومی پرچم کو سرنگوں کیا گیا۔جرمنی میں پیدا ہونے والی ڈاکٹر روتھ فاو اپنے ملک کی آسائشیں چھوڑ کر پاکستان آبسی، اور ایک تاریخ رقم کر گئی۔ ان کی محبت اور ان کی قربانیوں کی تاریخ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہے گی۔ڈاکٹر روتھ فاو پاکستان کی مدر ٹریسا تھیں جو ہم سے بچھڑ گئی۔

سرچ انجن گوگل نے ان کی 90سالگرہ کےموقع پر خراج عقیدت پیش کیا ہے جس پر پاکستان بھر سے سوشل میڈیا صارفین گوگل کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان کی مدر ٹریزا ڈاکٹر روتھ فاو کو ہم سے بھچڑے دو سال بیت گئے ۔۔ جذام کے مریضوں کی مسیحا کو سرچ انجن گوگل نے ان کی 90سالگرہ کےموقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گوگل کے پاکستانی صفحے پر ڈوڈل میں ان کی خدمات کو مخصوص روایتی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer