عامر مسیح ہلاکت کیس،پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہوش اڑا دینے والے انکشافات

عامر مسیح ہلاکت کیس،پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہوش اڑا دینے والے انکشافات


لاہور (24 نیوز) لاہور کے تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں پولیس تشدد سے عامر مسیح کی ہلاکت کا معاملہ،عامر مسیح کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں عامر مسیح پر تشدد کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے ہلاک ہونے والے عامر مسیح کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق عامر کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے،، عامر مسیح کے دونوں ہاتھوں، پاؤں، کمر اور بازؤں پر تشدد کے نشانات تھے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق عامر مسیح کی دونوں پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی  تھیں۔

جبکہ دوسری جانب عامر مسیح کو کینٹ کے ایک ہسپتال میں لیجانے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی منظر عام پر آگئیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے سول کپڑوں میں ملبوس  دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین پولیس اہلکار عامر مسیح کو ہسپتال علاج  کیلئے  لائے،عامر کے لڑکھڑانے پر پولیس اہلکاروں نے طیش میں آ کر اسے لاتوں سے مزید تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں پولیس اہلکار ہسپتال کی لابی میں بھی عامر مسیح کو ہسپتال انتظامیہ کے سامنے زدوکوب کرتے رہے۔

دوسری جانب کہانی کا مرکزی کردار اور عامر مسیح کیس کا مرکزی ملزم سب انسپکٹر تاحال پولیس کی گرفت سے باہر، ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود بھی پولیس اپنے پیٹی بھائی سب انسپکٹر ملزم ذیشان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer