عبوری ضمانت میں توسیع مل گئی

عبوری ضمانت میں توسیع مل گئی


اسلام آباد(24نیوز)اکاونٹس کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کردی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب سے درخواست ضمانت پر 3 روز میں جواب مانگ لیا۔ضمانت کے بعد آصف علی زرداری خوشگوار موڈ میں نظر آئے-

بینک اکاونٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور ضمانت میں توسیع کےلیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست پرسماعت کی۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ بتایا جائے آصف علی زرداری کےخلاف کتنی انکوائریز چل رہی ہیں؟؟ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے بتایا کہ 2 انوسٹی گیشن اور 3 انکوائریز ہیں ،جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کون سی انکوائری میں فی الحال آصف علی زرداری کو نہیں بلایا۔

نیب پراسیکیوٹر بولے جن کیسز میں طلب نہیں کیا اس کی تفصیل نہیں بتا سکتے۔ جن میں طلب کیا اس کی تفصیل بتادیں گے، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے یکم مئی تک ضمانت میں توسیع کی استدعا کی۔ عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو 3 روز میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

پیشی کے بعد آصف علی زرداری خوشگوار موڈ میں نظر آئے،صحافیوں کے سوالوں پر مسکرا کرجواب دیتے رہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer