سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ آتے ہی لاہور شہر میں سیاسی پارہ بڑھنے لگا


 لاہور (24 نیوز): جسٹس باقر نجفی کمیشن کی سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ آتے ہی لاہور شہر میں سیاسی پارہ بڑھنے لگا، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہی اور علامہ ناصر عباس نے طاہر القادری سے ملاقات کی۔

 

سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آنے سے طاہر القادری کی سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گیا۔ مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہی اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ ناصر عباس نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں علامہ طاہر القادری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تمام رہنماوں نے طاہر القادری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

 

چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہی اور علامہ ناصر عباس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ مستعفی ہوں، پانامہ کیس کی طرز پرسانحہ ماڈل کی انکوائری کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔

 

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا کہ شریف برداران اللہ کی پکڑ میں آ چکے ہیں، جبکہ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ سے سب عیاں ہو گیا، قاتلوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچیں گے۔

 

اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے 14 دسمبر کو سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ پر وکلاء کنونشن کرانے کا اعلان بھی کیا۔