شاہدرہ ٹاؤن: گیس سلنڈر دھماکے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جھلس گئے


 لاہور (24 نیوز) شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جھلس گئے جنہیں طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق شاہدرہ ٹاون کے علاقے سوئی گیس سوسائٹی میں کھانا بناتے ہوئے ایل پی جی سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے بعد گھر میں آگ لگ گئی جس سے 40 سالہ شازیہ، 7سالہ زونیرا، 17 سالہ شہروز، 24 سالہ اسداللہ اور 35 سالہ بشارت جھلس کر زخمی ہو گئے۔

 

زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے میو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا۔