ہر 3 ماہ بعد ہوگا وزرا کا امتحان ۔۔۔



اسلام آباد( 24نیوز )وزیراعظم نے ہرتین ماہ بعد وفاقی کابینہ اور اداروں کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ کابینہ کے نو گھنٹے طویل اجلاس میں26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے 100 روز مکمل ہونے کے بعد وفاقی وزراء،وزرائے مملکت اور مشیران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کاخصوصی اجلاس طلب کیا. اجلاس میں وفاقی وزارتوں اور ڈویژن نے اپنے اداروں کی کارکردگی کی تازہ رپورٹ کا جائزہ پیش کیا جبکہ وزراتوں، ڈویژنز اور مشیروں کے متعلقہ محکموں نے تین ماہ کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزراء کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کےمطابق وزیراعظم نےہرتین ماہ بعد وفاقی کابینہ اور اداروں کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد حکومتی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔تمام وزارتوں کو متعلقہ شعبوں میں بہتری کیلئے5 سالہ منصوبہ دینے کاٹاسک دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی کارکردگی کی تعریف کی اور حکومتی نقطہ نظر مزید بہتر انداز میں پیش کرنے کے لیے منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے وزارت ریلوے کی بریفنگ دی، وزارت ریلوے کی کارکردگی پر کابینہ ارکان نے شیخ رشید کو ڈیسک بجا کر داد دی جبکہ وزیرمملکت مراد سعید کی کارکردگی بھی بہترین قرار دی گئی۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer