الیکشن کمیشن میں پرچی پر سیٹوں کا فیصلہ

الیکشن کمیشن میں پرچی پر سیٹوں کا فیصلہ


اسلام آباد( 24نیوز ) الیکشن کمیشن کے چار میں سے کونسے 2 ارکان اگلے ماہ ریٹائر ہونگے ،ملکی تاریخ میں پہلی بار پرچیوں پر فیصلہ ہو گیا۔

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چاروں ممبران الیکشن کمیشن کے ناموں کی پرچیاں ڈالی گئیں، چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے قرعہ نکالا تو ممبر بلوچستان شکیل بلوچ اور رکن سندھ عبدالغفار سومرو کا نام نکلا۔نام نکلنے والے دونوں ممبران اگلے ماہ 26 جنوری کو ریٹائر ہو جائیں گے،جبکہ ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصر اور ممبر پنجاب الطاف ابراہیم 5 سال کی مدت پوری کریں گے، بلوچستان اور سندھ سے الیکشن کمیشن کے نئے ارکان 5 سال کی مدت کیلئے منتخب ہوں گے۔

آئین کے آرٹیکل 215 کے تحت الیکشن کمیشن کے دو ممبران کا پہلا دورانیہ ڈھائی سال مقرر ہے جو کہ 26 جنوری 2019 کو ختم ہو رہی ہے،اس کے تحت الیکشن کمیشن کے دو ممبران اپنی مدت ملازمت ڈھائی سال مکمل کرنے کے بعد اگلے ماہ 26 تاریخ کو ریٹائر ہونگے۔

ریٹائر ہونے والے دو ممبران کی جگہ نئے ممبران کی تعیناتی کا فیصلہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر باہمی مشاورت سے کریں گے،وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے ناموں پر اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا،حکومت آئین کے تحت 45 دن کے اندر دونوں نئے ممبران کی تعیناتی کرنے کی پابند ہے ۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer