ہم آج تک صاف شفاف انتخابات نہیں کراسکے، بلاول بھٹو



اسلام آباد( عثمان خان)بلاول بھٹو کہتے ہیں حکومت ارکا ن پارلیمنٹ کو صر ف چور ڈاکو سمجھتی ہے ،بات سُننے کو تیارنہیں ، ہم آج تک صاف شفاف انتخابات نہیں کراسکے ،اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لے۔

پیپلزپارٹی کےچئیرمین بلاول بھٹونے انسانی حقوق کےعالمی دن کے موقع پر بھٹو فاونڈیشن کےزیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ارکان پارلیمنٹ کی بات سننےکوتیارنہیں، حکومت صرف ارکان پارلیمنٹ کو چور ڈاکو کہتی ہے اگر ارکان پارلیمنٹ کی بات نہیں سنی جائیگی تو مسائل کیسےحل ہوں گے۔

بلاول بھٹوکاکہناتھا کہ بدقسمتی ہےآج ہم صاف شفاف انتخابات نہیں کرا سکتے، ووٹ کےحق پر ڈاکہ زنی روکنا ہوگی، جب تک کٹھ پتلی حکمران آتے رہیں گے تو انسانی حقوق کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

بلاول بھٹو نےکہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو شہید نے ووٹ سے انسانی حقوق کی بنیاد رکھی تھی لیکن ضیاءالحق نے انسانی حقوق کاجنازہ نکال دیا، اُنہوں نے کہا جو اختیارات صوبوں کو 18 ویں ترمیم میں دی گئی ہیں، واپس نہیں ہونےدیں گے۔

پیپلزپارٹی کے چئیرمین نے سندھ میں طلبا تنظیموں کی بحالی کے قانون کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کو خراج تحسین پیش کیا۔

Malik Sultan Awan

Content Writer