فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانا پیپلزپارٹی کا مشن ہے: آصف زرداری


اسلام آباد (24 نیوز) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی، فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانا پیپلزپارٹی کا مشن ہے۔

اسلام آباد میں سینیٹر رحمان ملک سمیت پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماوں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مفاہمت کے بادشاہ آصف علی زرداری نے کہا کہ اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہی ہوگی۔ پیپلزپارٹی کی نظریں مستقبل پر ہیں۔ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرانا مشن ہے، اس علاقے کو خوشحال اور پُرامن دیکھنا چاہتے ہیں۔

سابق صدر نے ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لاتی مگر پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنی ذمے داری نہیں نبھائی۔