پنجاب:دھند اور سردی کا راج،شہرویوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

پنجاب:دھند اور سردی کا راج،شہرویوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت


لاہور (24نیوز)  پنجاب کے میدانی علاقے رات بھر شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، کئی مقامات پر حد نگاہ کم ہونے سے موٹر وے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، کوئٹہ سمیت شمالی علاقہ جات میں برفباری سے موسم سرد ہوگیا ، محکمہ موسمیات نے مالا کنڈ اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سردی کی شدید لہر اور دھند نے پنجاب والوں کو گھروں میں محصور کرکے رکھ دیا، پہاڑوں پر برفباری سے معمولات زندگی تو متاثر ہوئے لیکن سیاحت کیلئے جانے والے اس سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

پنجاب کےعلاقوں ملتان،خانیوال ، وہاڑی ،کبیر والا ، عارف والا سمیت کئی مقامات پر دھند سے حد نگاہ کم ہوگئی، موٹر وے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، موٹر وے اور ہائی وے پولیس حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کراچی کا موسم ففٹی ففٹی ہوگیا، دن گرم تو راتیں ٹھنڈی رہنے لگیں، رات کے وقت سرد ہوائوں سے درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، شہری ساحل پر موسم کی رنگینی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

 محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہےگا، پنجاب اور سندھ کے بالائی علاقے مسلسل دھند کی لپیٹ میں رہیں گے، مالا کنڈ اور گلگت بلتستان میں بارش، پہاڑوں پر مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔