کراچی ،جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن ,مشتبہ افراد زیرحراست

کراچی ،جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن ,مشتبہ افراد زیرحراست


کراچی (24نیوز) جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن جاری، مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کےدوران 43 مشتبہ افرادپکڑ لئے گئے، مبینہ پولیس مقابلے کے بعد2 زخمی ملزم گرفتار کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رات گئے مختلف علاقوں میں پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے 43 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر 2 ٹی ٹی پستول برآمد کرلیں۔ پولیس کے مطابق پاک کالونی پرانا گولیمار کے علاقہ خواجہ غریب نواز کالونی اورصالح محمد گوٹھ سے آپریشن کے بعد 8 مشتبہ افراد اور کٹی پہاڑی کے علاقوں سے 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ تمام افراد کو شبے کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے اور ان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب عزیز آباد بلاک 4 میں شہری سے لوٹ مار کرنے والے 2 مبینہ ڈاکوؤں پر ایک اوربہادرشہری نے گاڑی چڑھا دی جس کے بعد شہریوں نے دونوں زخمی ڈاکوؤں کو پکڑ کر خوب درگت بنائی اور پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کے مطابق ڈاکو لعل اور سلیم دونوں افغان باشندے ہیں اور ناظم آباد کے رہائشی ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا ہے۔