قصور:ننھی زینب کے قتل کے بعد شہر کے حالات قابو سے باہر، رینجرز طلب


قصور(24نیوز) شہر کے حالات قابو سے باہر ہوگئے ،ننھی زینب کے قتل نے صبر کے پیمانے لبریز کردئیے،سارا شہر پرتشدد مظاہروں کی لپیٹ میں ہے، حالات قابو میں لانے کے لئے رینجرز کو طلب کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قصور کی بے قصور زینب کے قتل نے صبر،برداشت اور جذبات کے تمام پیمانے لبریز کردئیے۔سارا شہر بند ہوگیا۔ کشیدگی پر قابو پانے کے لئےشہر میں رینجرز کو تعینات کردیاگیا ہے۔ مشتعل شہریوں نے ڈی پی او آفس پر دھاوا بول دیا۔دروازہ توڑا اور اندر داخل ہوگئے۔ پولیس نےمظاہرین کومنتشرکرنےکیلئے فائرنگ کردی۔فائرنگ سے 1 شخص جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب ڈاکٹر طاہر القادری کی امامت میں ننھی زینب کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ,ہر آنکھ اشکبار تھی۔

چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ منصور علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی ہے۔