زینب کے قاتلوں کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے: آرمی چیف


قصور (24 نیوز) زینب کے باپ کی پکار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تک پہنچ گئی، جنرل باجوہ نے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کے ملزمان کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے والدین کی اپیل پر سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کرنے کی ہدایت۔ والدین کو انصاف پہنچانے کیلئے ملزموں کو مثالی سزا دی جائے۔

زینب کے والدین نے آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے انصاف کی اپیل کی تھی۔ جس پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوری تعاون کی یقین دہانی کروائی اور واقعے کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہدایت کر دی ہے۔

آرمی چیف کی طرح چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی زینب کے والدین کی پکار سن لی، انہوں نے زینب کے قتل کے واقعے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

چیف منسٹر پنجاب شہباز شریف اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واضح رہے کہ زینب کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا تھا۔